خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی شاندار فتح پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی ٹیم کی کامیابی نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے اور آئندہ میچز میں مزید کامیابیوں کی امید بڑھا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی منظم حکمتِ عملی، اعلیٰ نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک نے میدان میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے، صدرِ مملکت نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے آئندہ میچز میں مزید کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ قومی ٹیم کی بہترین کارکردگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ بالخصوص چیئرمین محسن نقوی کے بھی خصوصی کردار ہیں، جنہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی جانی چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف میچ میں فتح کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے شاہینوں بالخصوص باؤلرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم ایسی ہی لگن سے محنت کرتی رہی تو سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ان کی ٹیم اور کوچز بھی اس فتح پر لائق تحسین ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کی نیک تمنائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے 3 ٹی 20 پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ 31 جنوری اور یکم فروری کو ہوگا۔