خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان میں انسدادِ پولیو کی کوششوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سدباب تک بل گیٹس فاؤنڈیشن جیسے قابلِ اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس ضمن میں مسلم برادر ممالک خصوصاً سعودی عرب کے تعاون پر بھی پاکستان شکر گزار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جامع حکمت عملی اور مؤثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، خاطر خواہ کامیابیوں کے باوجود اس بیماری کے خلاف جنگ میں ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پولیو ٹیموں کی ملک بھر میں رسائی یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت کام کر رہی ہے اور انسدادِ پولیو سے متعلق منصوبے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے وفاقی وزارتِ صحت کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو، عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کی جائیں۔
ملاقات کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے وزیراعظم پاکستان کی انسدادِ پولیو پر ذاتی توجہ اور مؤثر عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے درست سمت میں گامزن ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ انسدادِ پولیو پر تعمیری مشاورت جاری رہے گی۔
کرس ایلیاس نے پاکستان میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی موجودگی کے خاتمے اور تمام علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔