اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریفیں کر رہے تھے، جب بھی پاکستان ٹیک آف کرتا ہے توعجیب سانحہ ہو جاتا ہے، ہمیں بلیم گیم میں نہیں پڑنا بلکہ ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مشکل ترین فیصلے کیے، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، مشکل وقت ہے مل کر کام کرنا ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اکانومی سوئچ آن آف کر کے ٹھیک نہیں ہوگی بلکہ اس کی بہتری میں وقت لگے گا، ہم سب کو پتا ہے کہ اکانومی کا پہیہ بہت سلو ہے، تنگی ہے تو اسی کے مطابق چلنا ہے، کوشش ہے کہ بجٹ عوام اور کاروبار دوست بنائیں۔