مالی سال 23-2022: غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی کمی

Published On 07 June,2023 08:00 pm

لاہور (دنیا انویسٹی گیشن سیل) مالی سال 23-2022 کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔

رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر ایک ارب 77 کروڑ 6 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ 60 کروڑ 6 لاکھ ڈالر سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان سے باہر منتقل کیے گئے، رواں مالی سال پاکستان میں ایک ارب 17 کروڑ ایک لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کا حجم کم ہو کر 341 ارب 50 کروڑ ڈالر پر آگیا: اقتصادی سروے

گزشتہ مالی سال 22-2021 میں پاکستان آنے والی غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب 52 کروڑ 37 لاکھ ڈالر تھی، جو اب رواں مالی سال میں 23 فیصد کمی کے ساتھ ایک ارب 17 کروڑ ایک لاکھ ڈالر پر پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں جن غیر ملکی ممالک نےسرمایہ کاری کی ان میں چین سرفہرست رہا ، گزشتہ 10 ماہ کے دوران چین نے 34 کروڑ 81 لاکھ ڈالر، جاپان نے 16 کروڑ 19 لاکھ ڈالر، سوئٹزرلینڈنے 13 کروڑ 26 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات نے11 کروڑ 8 لاکھ ڈالر، امریکہ نے10 کروڑ 12 لاکھ ڈالر، ہانگ گانگ نے 7 کروڑ 69 لاکھ ڈالر، جبکہ فرانس نے 5 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

یہ بھی پڑھیں: سمندر پار پاکستانیوں کو ڈالر ملک بھجوانے پر پرکشش مراعات دینے کا فیصلہ

اسی طرح رواں مالی سال میں جولائی تا اپریل کے عرصے میں سرمایہ کاروں نے 24 کروڑ 5 لاکھ ڈالر آسٹریلیا، 8 کروڑ 82 لاکھ ڈالر ناروے، 5 کروڑ 42 لاکھ ڈالر امریکہ، 4 کروڑ 34 لاکھ ڈالر متحدہ عرب امارات، 3 کروڑ 86 لاکھ ڈالر چین، 2 کروڑ 62 لاکھ ڈالر جرمنی، جبکہ 2 کروڑ 52 لاکھ ڈالر ملائیشیا منتقل کیے۔ 

Advertisement