مالی سال 23-2022ء: معاشی حجم میں 18 ہزار 34 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافہ

Published On 22 June,2023 06:10 pm

لاہور (دنیا انویسٹی گیشن سیل) گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی معیشت کا کل حجم 66 ہزار 623 ارب 56 کروڑ 40 لاکھ روپے سے بڑھ کر 84 ہزار 657 ارب روپے 80 کروڑ 90 لاکھ روپے پر پہنچ چکا ہے، یوں مالی سال 23-2022 کے دوران پاکستان کے معاشی حجم میں 18 ہزار 34 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق ملک کی معیشت میں شعبہ زراعت 24.05 فیصد، شعبہ صنعت 21.68 فیصد جبکہ شعبہ خدمات 54.27 فیصد حصہ ڈالتا ہے، رواں مالی سال کے دوران شعبہ زراعت کے حجم میں 4 ہزار 187 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال شعبہ زراعت کا حجم 14 ہزار 891 ارب 64 کروڑ 10 لاکھ روپے تھا، جو رواں مالی سال 23-2022 میں 19 ہزار 79 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ پر پہنچ چکا ہے۔

اسی طرح شعبہ صنعت کا حجم گزشتہ مالی سال 22-2021 کے دوران 13 ہزار 605 ارب 79 کروڑ روپے تھا، جو رواں مالی سال 23-2022 کے دوران 17 ہزار 198 ارب 83 کروڑ 40 لاکھ پر پہنچ چکا ہے، یوں، گزشتہ ایک سال میں شعبہ صنعت کے معاشی حجم میں 3 ہزار 593 ارب 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

مینوفیکچرنگ سیکٹر ملک کے کل معاشی حجم کا 14.57 فیصد ہے، گزشتہ مالی سال 22- 2021 میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کا معاشی حجم 9 ہزار 178 ارب 74 کروڑ 70 لاکھ روپے تھا، جو رواں مالی سال 23-2022 کے دوران 2 ہزار 378 ارب 3 کروڑ 20 لاکھ روپے اضافے کے ساتھ 11 ہزار 556 ارب 77 کروڑ 90 لاکھ روپے پر پہنچ چکا ہے۔

شعبہ خدمات جو پاکستانی معیشت کا 54.27 فیصد ہے، رواں مالی سال 23-2022 اس شعبہ میں 8 ہزار 283 ارب 66 کروڑ 50 لاکھ روپےکا اضافہ ہوا ہے، ملک کے معاشی حجم میں گزشتہ مالی سال 22-2021 کے دوران شعبہ خدمات 34 ہزار 773 ارب 74 کروڑ 50 لاکھ روپے پر موجود تھا، جو رواں مالی سال 23-2022 میں 43 ہزار 57 ارب 41 کروڑ روپے پر پہنچ چکا ہے۔

اسی طرح گزشتہ پانچ سال کے عرصے میں پاکستانی معیشت میں 45 ہزار 467 ارب 99 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، پاکستانی معیشت کا کل حجم جو مالی سال 18-2017 میں 39 ہزار 189 ارب 81 کروڑ روپے تھا اب مالی سال 23-2022 میں 84 ہزار 657 ارب 80 کروڑ 90 لاکھ روپے پر پہنچ چکا ہے۔

مزید برآں گزشتہ 5 مالی سالوں (مالی سال 18-2017 سے مالی سال 23-2022) کے دوران شعبہ خدمات کے حجم میں 22 ہزار 313 ارب روپے، شعبہ زراعت میں 10 ہزار 594 ارب روپے، شعبہ صنعت میں 9 ہزار 913 ارب روپے جبکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں 7 ہزار سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہواہے، شعبہ زراعت کا کل حجم گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 10 ہزار 594 ارب 29 کروڑ 90 لاکھ روپے اضافے کے ساتھ مالی سال 18-2017 میں8 ہزار 485 ارب 7 کروڑ 80 لاکھ روپے سے بڑھ کر19 ہزار 79 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے پر پہنچ چکا ہے۔

مالی سال 18-2017 میں شعبہ صنعت کا ملک کی معیشت میں حجم 7 ہزار 285 ارب 1 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا، جو مالی سال 23-2022 میں 9 ہزار 913 ارب 82 کروڑ روپے اضافے کے ساتھ 17 ہزار 198 ارب 83 کروڑ 40 لاکھ روپے پر پہنچ گیا ہے، اسی طرح مینوفیکچرنگ سیکٹر جو کہ شعبہ صنعت میں 65 فیصد حصہ رکھتا ہے، مالی سال 18-2017 میں ملک کے معاشی حجم میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کا حصہ 4 ہزار 547 ارب 9 کروڑ 30 لاکھ روپے تھا، جو کہ پانچ سال کے عرصے میں 7 ہزار 9 ارب 68 کروڑ 60 لاکھ روپے اضافے کے ساتھ مالی سال 23-2022 میں 11 ہزار 556 ارب 77 کروڑ 90 لاکھ روپے پر پہنچ چکا ہے۔

گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان کے شعبہ خدمات میں 22 ہزار 313 ارب 33 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ مالی سال 18-2017 میں شعبہ خدمات کا ملک کی معیشت میں کل حجم 20 ہزار 744 ارب 7 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا، جو مالی سال 23-2022 میں 43 ہزار 57 ارب 41 کروڑ روپے پر پہنچ چکا ہے۔