لاہور: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر رواں مالی سال بجلی صارفین سے 721 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ستمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپیہ 25 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی، ستمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے سے 39 ارب موصول ہوں گے۔
ستمبر سے دسمبر تک فیول ایدجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 37 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی جائے گی جس سے 122 ارب روپے موصول ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین پر 144 ارب 68 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ ریبیسنگ کی مد میں 5 روپے 75 پیسے بجلی مہنگی کرنے سے 560 ارب موصول ہوں گے، رقم توانائی شعبے کے گردشی قرضہ میں کمی لانے کیلئے استعمال کی جائے گی، رواں مالی سال کے اختتام تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2130 ارب تک محدود کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جون 2023 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 27 سو ارب روپے کے لگ بھگ ہو چکا تھا، وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کا بجلی مہنگی کرنے کا پلان آئی ایم ایف کو بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔