لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں، پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو ایران میں ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے، پاکستان کے چاول اور دوسری زرعی اجناس بھی دنیا میں بہت پسند کی جاتی ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ سی پیک اچھا منصوبہ ہے، پاکستان ایران کے ساتھ انرجی کے شعبے میں اشتراک کر سکتا ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ جسمانی اعضاء کی پیوند کاری میں ایران دنیا کے بہترین ممالک میں سے ایک ہے، پاکستان اور ایران میڈیکل اور ٹورازم کے ذریعے روابط مضبوط بنا سکتے ہیں۔