لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی کے وار نہ رکے، مزید 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 37.33 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 14 اشیائے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی جبکہ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 17 روپے 63 پیسے جبکہ لہسن کی فی کلو گرام قیمت میں 21 روپے 58 پیسے کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں دہی، دال مونگ، جلانے کی لکڑی، دودھ اور ماچس بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ فی کلو زندہ مرغی 15 روپے 14 پیسے، چینی 2 روپے 49 پیسے سستی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا کہ مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر 13 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا بھی 19 روپے 12 پیسے تک سستا ہو گیا ہے۔