اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ناگزیر ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، وزیر اعظم کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ محصولات کی وصولی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اخراجات کم کر کے بجٹ خسارہ قابو رکھیں گے، پاکستان کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی
انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کے کنٹرول کے لئے پچھلے دنوں کافی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن مزید تندہی سے کام کرنا ہوگا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں۔