لاہور: (ویب ڈیسک) چینی مافیا نے چند ماہ بعد ہی حکومتی رٹ پھر چیلنج کر دی، صرف تین روز میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی 12 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت صرف تین دن میں 120 روپے سے بڑھا کر 132 روپے کر دی گئی، چینی کی سو کلو کی بوری 13200 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
اس صورت حال میں دکانداروں نے چینی کی قیمت میں اضافے کو شوگر ملز مالکان اور بڑے شوگر ڈیلرز کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ہول سیل ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے 8 کاروباری دنوں میں چینی ہول سیل ریٹ میں 16 روپے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے جس کے اثرات عوام کیلئے ریٹیل مارکیٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں۔
شوگر انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے باوجود چینی مہنگی ہونا حکومت کیلئے بڑا سوالیہ نشان ہے، شوگر ملز مالکان کا چینی ایکسپورٹ کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی قیمت پر اثرانداز ہوا ہے۔