اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے زیرصدارت توانائی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، وزیرِاعظم نے نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار نہیں بلکہ سہولت فراہم کرنا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ ہے۔
شہباز شریف نے گیس اور زیرِ سمندر تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تیل و گیس شعبے کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ رمضان کے دوران سحر وافطار میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا پلان تیار
وزیر اعظم نے کہا کہ گیس اور تیل کے شعبے میں چوری کرنے والوں کی نشاندہی کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، عوام کے خون پسینے کی کمائی، قومی خزانے کو مزید نقصان نہیں پہنچنے دوں گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، گھریلو اشیا کو گیس کے بجائے بجلی پر چلانے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
وزیراعظم نے توانائی بچت پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی، شہباز شریف نے توانائی شعبے کے انتظامی ڈھانچے کو بین الاقوامی خطوط پر استوار کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔