پیاز کی قیمت پھر بے لگام، مارکیٹ میں سرکاری نرخ بھی نظرانداز

Published On 02 June,2024 12:55 pm

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیاز کی قیمتیں پھر آسمان سے باتیں کرنے لگیں، مارکیٹ میں سرکاری نرخ بھی نظر انداز کردیئے گئے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق سبزی مارکیٹ میں پیاز ایک بار پھر مہنگا ہونے لگا، پیاز کے سرکاری نرخ میں پانچ روپے فی کلو مزید اضافہ کردیا گیا، پیاز کی سرکاری قیمت 115 روپے فی کلو مقرر کردی گئی جبکہ مارکیٹ میں پیاز 150 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح ٹماٹر بھی میں مارکیٹ میں سرکاری نرخوں کے برعکس فروخت ہو رہے ہیں، ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 45 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 60 روپے کلو تک بیچا جارہا ہے۔

آلو 75 روپے کلو سرکاری نرخ کے برعکس مارکیٹ میں 90 روپے کلو، ادرک 700 اور لہسن 400 روپے کلو تک دستیاب ہے، پھول گوبھی 120 اور بند گوبھی 50 روپے کلو بیچی جا رہی ہے۔

اسی طرح گرم موسم میں طلب بڑھتے ہی لیموں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، سرکاری ریٹ لسٹ میں دیسی لیموں کی قیمت 560 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ مارکیٹ میں لیموں کم از کم 800 روپے کلو فروخت ہو رہا۔