اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام تیزہو گیا، بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جولائی مقرر کر دی گئی۔
نائب وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 11 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بی او آئی اور کنٹری ڈائریکٹر آئی ایف سی نے شرکت کی۔
سیکرٹری ایوی ایشن نے کمیٹی کو بریفنگ دی، اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ پراجیکٹ میں یورپ سمیت مختلف ایئرپورٹ آپریٹرز نے دلچسپی لی، ان میں سے کچھ آپریٹرز نے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ کنسورشیم تشکیل دیا ہے اور قانونی اور مالیاتی احتیاط سے کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کی ٹیموں نے حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
منصوبے کی پیچیدگی کے پیش نظر، چار ممکنہ بولی دہندگان نے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی ہے، اس طرح کی توسیع زیادہ مسابقت کی اجازت دے گی اور اس طرح اس منصوبے کے لیے بہتر قیمت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے پاکستان میں اجلاس کی تیاریاں شروع
آئی ایف سی جو کہ اس منصوبے کے لین دین کے مشیر ہیں، اس تجویز کی حمایت کی، اس کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی نے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کی اجازت دی، سٹیئرنگ کمیٹی نے مزید ہدایت کی کہ ممکنہ بولی دہندگان کو وزارت ہوابازی اور آئی ایف سی کی جانب سے مکمل طور پر تعاون کیا جائے گا۔
اس تعاون سے مناسب مستعدی سے کام جلد مکمل کیا جا سکے گا اور بولی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکےگا، سٹیئرنگ کمیٹی نے مزید فیصلہ کیا کہ اس عمل کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مزید توسیع کی ضرورت نہ ہو۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے زیادہ سے زیادہ ریونیو کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی، نائب وزیراعظم نے مسافروں کے تجربے کو بڑھانے کے لیے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کا عہد کیا کہ آؤٹ سورسنگ پراجیکٹ کو کم سے کم وقت میں انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔