اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں اکتوبر میں ہونے والے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس کی تیاریاں شروع ہو گئیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔
ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کا اجلاس 15، 16 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد میں ہوگا، ایس سی او کے اجلاس کی میزبانی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
کمیٹی وفاقی وزراء برائے اقتصادی امور، داخلہ، اطلاعات و نشریات، اور خارجہ امور، کابینہ اور داخلہ کے سیکرٹریز کے ساتھ ساتھ چیئرمین سی ڈی اے پر مشتمل ہے، کمیٹی نے ضروریات کے تعین پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو ایس سی او کی مشق، پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت، پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ ہم آہنگ موثر انتظامات کرنے کی ہدایات دی گئیں، کمیٹی کے ارکان نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تیاریوں کی رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ 2017 میں ایس سی او کا مکمل رکن بننے کے بعد سے پاکستان ایس سی او کے مختلف فارمیٹس میں حصہ لے رہا ہے، ایس سی او CHG کے چیئر کے طور پر، پاکستان اس سال خزاں میں سی ایچ جی کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
CHG ایس سی او کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، یہ سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور دیگر انسانی تعاون کے مسائل کے ساتھ ساتھ ایس سی او کے بجٹ اور مالیاتی امور سے متعلق ہے۔