اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر مملکت سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 11 June,2024 04:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برطانیہ کے وزیر مملکت کے درمیان عمان میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا اور وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر روشنی ڈالی، اسحاق ڈار نے بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے اور مذاہب کی اہانت کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انہانسڈ سٹریٹجک پارٹنرشپ کی شکل میں دو طرفہ تعلقات کو باضابطہ بنانے پر بھی زور دیا، دونوں فریقین نے برطانیہ پاکستان واپسی اور دوبارہ داخلے کے معاہدے کے تحت مائیگریشن ٹریک پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ملاقات کے دوران افغانستان، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں استحکام سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔