کراچی: (دنیا نیوز) نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق سٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کردی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوری میں آرٹ مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا گیا، مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
اعلامیہ کے مطابق مقابلے کامقصد بین الاقوامی سطح پر بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا، ڈیزائنوں کا جائزہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا، فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا، مقابلے کے نتائج کو بعض حلقوں نے نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں کے آرٹ مقابلے، خواتین بازی لے گئیں، فاتحین کا اعلان
سٹیٹ بینک کے مطابق نتائج کے اعلان کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نواز نا تھا۔ جن ڈیزائنوں کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں۔
مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کر رہی ہیں، یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کےلیے اپنی تجاویز پیش کریں گی۔
سٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری تک وفاقی حکومت کوپیش کیے جائیں گے، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی شروع ہوگی۔