کشمیر میں ٹیکس رجسٹریشن کا غلط استعمال روکنے کیلئے رولز میں ترامیم کا فیصلہ

Published On 19 September,2024 01:06 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایف بی آر نے آزاد کشمیر میں ٹیکس رجسٹریشن کا غلط استعمال روکنے کیلئے رولز میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا۔

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکس بچانے کیلئے ٹیکس اتھارٹیز کے پاس رجسٹریشن کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے، ایف بی آر نے سدباب کے لئے انکم ٹیکس رولز 2001 میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس رولز 2001ء میں ترامیم کامسودہ تیار کرکے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے آراء کیلئے جاری کردیا، سٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ مجوزہ ترمیمی مسودے پر اعتراضات و تجاویز سات دن کے اندر بھجواسکتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق مقررہ میعاد کے بعد موصول ہونیوالی تجاویز اور آرا کو قبول نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ترمیمی انکم ٹیکس رولز لاگو کردیئے جائیں گے۔