اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیادوں پر 0.52 فیصد پر ریکارڈ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 141.36 روپے سے بڑھ کر 145.50 روپے ہو گئی، فی درجن کیلے کی قیمت 124.76 روپے سے بڑھ کر 128.13 روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق فی کلو گھی کی قیمت 583.89 روپے سے بڑھ کر 585.81 روپے ہو گئی، دال مونگ کی قیمت 405.65 روپے سے بڑھ کر 406.65 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔
اڑھائی کلو گھی کا ٹن 1496.18 روپے سے بڑھ کر 1498.48 روپے کا ہو گیا، جلانے کیلئے فی من لکڑی کی قیمت 1322.99 روپے سے بڑھ کر 1324.66 روپے ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق لہسن کی فی کلو قیمت 686.13 روپے سے بڑھ کر 690.27 فی کلو ہو گئی، باتھ سوپ، چاول، ہوٹل پر تیار شدہ فی پلیٹ دال کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔