کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے قطر کے قونصل جنرل Nayef Shahein R. M. Alsulaiti کی ملاقات ہوئی، قطر کے معروف بزنس مین عبدالعزیز مبارک بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران قطری وفد کی جانب سے سندھ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل قطرNayef Shahein R. M. Alsulaitiنے کہا کہ سندھ سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع اور پرکشش امکانات رکھتا ہے۔
قطر کے معروف بزنس مین عبدالعزیز مبارک نے کہا کہ ہم صوبے کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کر رہی ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو جامع سہولیات اور مکمل معاونت دی جا رہی ہے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شکل دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔