دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، ڈیل بہت جلد ممکن ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دوحہ میں تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ کے دوران قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد انصاری نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کی راہ میں حائل بڑے معاملات حل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر جو بائیڈن کے بیانات مذاکرات آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوئے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت حتمی مراحل میں ہے، امید ہے کہ مذاکرات کا یہ دور ایک واضح اور جامع معاہدے پر ختم ہوگا۔