حکومت کا 1945 ارب روپے کا نیا قرض لینے کا پروگرام

Published On 23 April,2025 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے 1945 ارب روپے کا نیا قرض لینے کا پروگرام بنا لیا، حکومت مقامی بینکوں سے نئے قرض کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی کہ حکومت ایک ہزار 275 ارب کے قرض کے لئے بینکوں سے بات کر رہی ہے، 658 ارب روپے پاور سیکٹر کے قرض کی ادائیگی کیلئے استعمال ہوں گے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ 400 ارب روپے سکوک بانڈ اور باقی رقم دیگر قرض کی ادائیگی کیلئے استعمال ہوگی، دیگر ضروریات کیلئے حکومت 670 ارب روپے کا مزید قرض لے گی۔

ڈپٹی گورنر کے مطابق حکومت اور کمرشل بینکوں کے درمیان اس وقت مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں، کمیٹی رکن شبلی فراز نے بتایا کہ پہلے قرض پر سود حکومت ادا کرتی تھی اب سود عوام ادا کریں گے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اجلاس میں پاور ڈویژن موجود نہیں اس لئے کوئی جواب نہیں دے سکے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت صرف گردشی قرض کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے۔