اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع ایف بی آر کے مطابق آئندہ بجٹ میں سٹیشنری، ڈیری ملک، ادویات پر ٹیکس رعایت دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق ڈیری ملک پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے کم کر کے 10 سے 12 فیصد تک کیا جا سکتا ہے، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے بجٹ اہداف مشکل ہوں گے۔
راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے ٹیکس چھوٹ یا رعایت دینا مشکل ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے بینکوں پر عائد ٹیکس کو بل کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی، اب آرڈیننس کے ذریعے ایڈوانس ڈیپازٹ ریشو کو ختم کر کے 99D ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
نوید قمر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دی، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی سالانہ میٹنگز کے دوران پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ چین، سعودی عرب، امریکی انتظامیہ، یو اے ای نے معاشی تعاون کی یقین دہانی کرائی، آئی ایم ایف پروگرام آخری بنانے کیلئے سٹرکچرل اصلاحات پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ بجٹ پر 95 فیصد تجاویز چیمبرز سے موصول ہو چکیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ٹیکس پالیسی کو معاشی صورتحال کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔