اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر اظہارِ اطمینان کیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والے سٹاف لیول معاہدے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ سٹاف لیول معاہدہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں ہونے والی بہتری کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی(EFF) اور ریزلیئنس اینڈ سسٹین ایبلیٹی (RSF) کے حوالے سے ایک ارب امریکی ڈالرز فنڈ کیلئے سٹاف لیول معاہدہ طے پانے پر اظہار اطمینان کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالرز ملیں گے
انہوں نے کہا کہ سٹاف لیول معاہدہ عالمی مالیاتی فنڈ کا پاکستان کی تیزی سے بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے، آئی ایم ایف کا پاکستانی معیشت کے بڑھنے کی رفتار اور ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان، حکومتی پالیسیوں پر ادارے کے اعتماد کا مظہر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر خزانہ، وزیر مملکت خزانہ، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور ان کی تمام ٹیم تحسین کی مستحق ہے، جن کی محنت کی بدولت آئی ایم ایف کے ساتھ یہ معاہدہ طے پایا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، حکومت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام تر اقدامات کرے گی۔