وزیر توانائی سے ترک ہم منصب کی ملاقات، ڈسکوز کی نجکاری بارے بریفنگ

Published On 02 December,2025 07:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری کی ترک ہم منصب الپرسلان بیرکتار سے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے بالخصوص ڈسکوز کی نجکاری کے امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیرِ توانائی کی ترک ہم منصب کو پاورسیکٹر کے اداروں میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کےمواقع پر بریفنگ دی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری میں تجربہ کارعالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہشمند ہے، وسیع تجربے کی حامل ترک کمپنیوں کی شمولیت بہت اہم ہے۔

وزیر توانائِی کا پاکستانی ماہرین کو ترک پاورسیکٹر کے مشاہدے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پہلے مرحلے میں تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری کرنے جارہی ہے۔

دوسری جانب اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کے لیے اظہار دلچسپی جلدجاری کئے جائیں گے، اُنہوں نے نجکاری کے عمل میں دونوں ممالک کے اداروں /ماہرین کی قریبی مشاورت پر زوردیا اورخصوصی طور پر ترکی کے نافذ کردہ رعایتی ماڈل کا حوالہ دیا۔

اُن کا ترک وزیر توانائی کو پاورسیکٹر کے اداروں میں انسانی وسائل کی بہتری کے لیے ترکی کے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاور ڈویژن ایک مربوط توانائی منصوبے پر کام کر رہا ہے، پاکستان ترکی سے اس منصوبے کی تیاری میں معاونت کا خواہشمند ہے۔

دوسری جانب ترک وزیرِ توانائی نے پاکستان میں پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل کو گہری دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں، اُمید ہے کہ ترک سرمایہ کارپاکستان کے پاورسیکٹر کی نجکاری کے عمل میں مناسب سطح پر حصہ لیں گے۔