خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت 8 اسلامی ملکوں کا غزہ بورڈ آف پیس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
پاکستان، مصر، اردن، امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، صدر ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت کا خیر مقدم کیا، وزرائے خارجہ نے کہا کہ ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ بورڈ آف پیس میں شامل ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان نےغزہ میں پائیدار امن کے لئے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے جبکہ وزارتِ خارجہ نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا، بورڈ آف پیس کا مقصد غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔
اِسی طرح پاکستان نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے، پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپورحمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا تھا کہ پاکستان آزاد، خودمختارفلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، پاکستان کامؤقف ہےکہ1967سےقبل کی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
یاد رہے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا مختلف عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم اس بورڈ کا حصہ بنیں، جس میں مستقل نشست کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے۔