پورٹ قاسم کو عالمی صنعتی و لاجسٹک مرکز بنائیں گے: وفاقی وزیر بحری امور

Published On 12 January,2026 10:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم کو عالمی صنعتی و لاجسٹک مرکز بنائیں گے۔

محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت پورٹ قاسم پر اہم اجلاس ہوا جس میں پورٹ قاسم کیلئے کلائمیٹ ریزیلینٹ انڈسٹریل کمپلیکس کے طویل المدتی منصوبے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹ قاسم کو عالمی معیار کا صنعتی اور لاجسٹک مرکز بنایا جائے گا جو پاکستان کی قومی معیشت کے لیے ایک مضبوط گیٹ وے ثابت ہوگا،پورٹ قاسم کا ترقیاتی منصوبہ 14 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم انڈسٹریل کمپلیکس کو تین مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، مشرقی زون ہیوی انڈسٹری اور ایکسپورٹ یونٹس کیلئے مختص ہے جبکہ شمال مغربی زون میں ویلیو ایڈڈ انڈسٹری اور پورٹ سروسز کے فروغ کا منصوبہ ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ جنوبی مغربی زون میں خصوصی صنعتی اورکمرشل سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، پورٹ قاسم میں 833 صنعتی یونٹس فعال، 40 زیر تعمیر ہیں، پورٹ قاسم صرف بندرگاہ نہیں بلکہ متحرک صنعتی ایکو سسٹم ہے بلکہ یہ پورٹ انفرااسٹرکچر کی جدید کاری اور روڈ، ریل کنیکٹیوٹی بہتر بنانے کا عزم بھی ہے۔