خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پاکستان چائنہ منرلز کوآپریشن فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں بھی مل کر کام کر رہے ہیں، سی پیک خطے میں امن کی نوید لے کر آیا ہے جس کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کان کنی کے شعبے میں چین کے تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان اور چین کے درمیان ایک غیرمتزلزل شراکت داری موجود ہے، جسے مزید مضبوط بنانے کے لیے مزید کمپنیوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے، توانائی اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان گہرا تعاون ہے اور اب منرلز کے شعبے میں تعاون بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال اور گہری ہے اور دنیا چین کے ترقیاتی ماڈل کی معترف ہے، چین نے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے قابلِ ذکر کام کیا ہے۔
قیصراحمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور ان معدنی خزانوں کو بروئے کار لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔