اتحاد ایئرویز کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی کوشش، سائبر فراڈ بے نقاب

اتحاد ایئرویز کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی کوشش، سائبر فراڈ بے نقاب

ایئرلائن کے مطابق ان فراڈ کوششوں میں پاس ورڈ، ون ٹائم پاس کوڈ (OTP) اور ادائیگی کی تفصیلات طلب کی جا سکتی ہیں جو صارفین کے مالی اور ذاتی ڈیٹا کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، سرکاری بیان کے مطابق مسافروں کو ایسی کسی بھی درخواست سے محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق نوسرباز اکثر خود کو ایئرلائن کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا یا پیغامات کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں اور فلائٹ اپڈیٹس یا ٹکٹ سے متعلق مسائل کے بہانے حساس معلومات مانگتے ہیں، حکام نے واضح کیا کہ اتحاد ایئرویز اپنے مسافروں سے سوشل میڈیا کے ذریعے پاس ورڈ، OTP یا ادائیگی کی خفیہ تفصیلات طلب نہیں کرتی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر ایسے اوقات میں جب پروازوں میں رکاوٹیں یا تاخیر کے باعث مسافر معلومات حاصل کرنے کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض عناصر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اتحاد ایئرویز نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ پیغام یا مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور معلومات کے لیے صرف ایئرلائن کی آفیشل ویب سائٹ یا تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کریں، اگر کسی مسافر کو مشکوک پیغام موصول ہو تو فوری طور پر اسے رپورٹ کیا جائے تاکہ ممکنہ فراڈ سے بچا جا سکے۔