پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک کا بڑا معاہدہ، سیلاب متاثرین کیلئے 100 ملین یورو کی امداد کا اعلان

پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک کا بڑا معاہدہ، سیلاب متاثرین کیلئے 100 ملین یورو کی امداد کا اعلان

ترجمان اقتصادی امور کے مطابق اس معاہدے کے تحت ای آئی بی، سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن منصوبے کے لیے 100 ملین یورو فراہم کرے گا، جو دنیا کے بڑے بحالی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے، اس منصوبے کا مقصد 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی دوبارہ آبادکاری ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1.9 ارب یورو ہے، جس میں ای آئی بی کی جانب سے فراہم کردہ رقم بھی شامل ہے، اس فنڈنگ کے ذریعے سندھ میں 116,580 رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ اس پروگرام سے صوبے کے دیہی علاقوں کے تقریباً 40 فیصد گھرانے مستفید ہوں گے۔

معاہدے پر دستخط سیکرٹری وزارتِ اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ای آئی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے پاکستان یورپی یونین بزنس فورم کے موقع پر کیے، اس تقریب میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈس کاروبلس سمیت یورپی یونین اور وزارت اقتصادی امور کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور متاثرہ آبادی کی بحالی کے لیے پاکستان اور یورپی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔