پنجاب بجٹ: کمرشل لوڈر گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس میں تین گنا تک اضافے کی تجویز

پنجاب بجٹ: کمرشل لوڈر گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس میں تین گنا تک اضافے کی تجویز

 صوبائی حکومت کی دستاویز کے مطابق پنجاب حکومت نے نئے ٹیکس لگانے کے بجائے موجودہ ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کی تجویز دے دی، کمرشل لوڈر گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس میں تین گنا تک اضافے کی تجویز ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ لوڈر 4060 کلو گرام سے 8110 کلو گرام لوڈ والی گاڑی پر ٹیکس 2200سے بڑھا کر 6600 روپے کرنے ، 8120 کلو گرام لوڈ سے 12000 کلو گرام لوڈ والی گاڑی پر ٹیکس چار ہزار سے بڑھا کر 12000روپے کرنے کی تجویز ہے۔

اِسی طرح12000 سے 16000کلو گرام لوڈ والی گاڑی کا ٹیکس6000سے بڑھا کر 18000روپے اور16000کلو گرام سے زیادہ لوڈ والی گاڑی پر ٹیکس 8000سے 24000روپے کرنے کی تجویز دی گئی ۔

دستاویز میں مزید یہ بھی کہا گیا کہ ایک ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس کی شرح بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک ہزار سے دو ہزار سی سی تک کی گاڑی پر ٹوکن ٹیکس میں انوائس پر 0.1 فیصد اضافہ ہوگا جب کہ دو ہزار سی سی سے بڑی گاڑی پر انوائس کا 0.3 فیصد سے بڑھا کر 0.4 فیصد ٹیکس کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔