خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر عملدرآمد، فنانسنگ اور آئندہ حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت غریب اور متوسط طبقے کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ’وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘ کا آغاز کیا گیا، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سکیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم نے سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں جب کہ عمودی (Vertical) اور افقی (Horizontal) ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمت عملی بھی جلد مرتب کی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر سکیم کے تحت بینک اب تک 204 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کر چکے ہیں جب کہ 27 ارب روپے کی رقم مستحقین کو فراہم کی جا چکی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سکیم پر پیشرفت کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔