خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے کیش لیس اکانومی ایجنڈے کے مثبت نتائج کی بدولت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کی، گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی قیادت صنفی مساوات ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔
ملاقات میں ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی اصلاحات اور کیش لیس اکانومی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، گیٹس فاؤنڈیشن نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کی۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے مطابق کیش لیس پاکستان اور معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت جاری رکھیں گے، کرانداز کے ذریعے پاکستان میں تعاون مزید بڑھانے کا یقین دلایا۔
وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے زائد ہوگئی، جون 2026 تک ڈیجیٹل لین دین کا مقررہ ہدف حاصل کر لیا گیا، ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا ہدف بھی پورا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ راست کیو آر کے فروغ کیلئے حکومت نے ساڑھے 3 ارب روپے کی سبسڈی دی، راست کیو آر سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا، معیشت کی ڈاکومینٹیشن اور مالیاتی شمولیت کیلئے اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، سرکاری ادائیگیوں میں شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کیلئے حکومتی اصلاحات جاری ہیں۔