خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اب معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب سفر کر رہا ہے، ایسے میں احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مارچ اور ہڑتالوں سے معاشی ترقی کا سفر رک سکتا، موجودہ حالات میں مارچ اور دھرنے سمجھ سے بالاتر ہیں، معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے اربوں روپے کا نقصان ہو سکتا ہے، دھرنوں اور احتجاج سے نقصان کا اثر عوام پر پڑے گا، دیہاڑی دار طبقہ اور چھوٹے کاروبار بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مشرق وسطی کی صورتحال کا اثر پڑ رہا ہے، سپلائی چین میں خلل، فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافہ عالمی تجارت کو متاثر کر رہا ہے، اخراجات میں کمی لائی جا رہی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، زر مبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، پُر امید ہیں معاشی ترقی کے سفر میں مزید تیزی آئے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہیں۔