چاول کی پیداوار بڑھانے کیلئے رائس پلانٹرز کے استعمال کا فیصلہ

چاول کی پیداوار بڑھانے کیلئے رائس پلانٹرز کے استعمال کا فیصلہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ کی زیر صدارت چاول کی پیداوار بڑھانے سے متعلق اجلاس ہوا۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ رائس پلانٹرز کے استعمال سے چاول کی پیداوار میں 15 فیصد تک اضافے کا امکان ہے جبکہ فی کلوگرام چاول کی پیداواری لاگت میں بھی کمی ممکن ہے۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے رائس پلانٹرز سے متعلق جامع فزیبلٹی سٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فزیبلٹی سٹڈی میں منصوبے کی معاشی افادیت اور چاول کی برآمدات پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے۔

احد چیمہ نے کہا کہ منصوبہ قابل عمل قرار پانے پر وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے سرمایہ کاری کرے گی، فزیبلٹی سٹڈی میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کسانوں کے درمیان اخراجات کی تقسیم کا ماڈل بھی تجویز کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں میں رائس پلانٹرز کی منصفانہ تقسیم کیلئے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جائے جبکہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، صوبائی سٹیک ہولڈرز اور نجی کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رائس پلانٹرز کے استعمال سے متعلق کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں منصوبے میں شامل کرنے کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے، سٹڈی میں کسانوں کی تربیت، مشینری کی دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت کیلئے ٹیکنالوجی منتقلی پروگرام بھی تجویز کیا جائے۔