خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔
وزارت خزانہ کے اعلان کے مطابق پاک ایکسپورٹ امپورٹ بینک (پاک ایگزیم بینک) کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے کی پوری رقم اہل ایس ایم ای برآمد کنندگان کے لیے مختص کردی گئی ہے۔
اس سے قبل مختلف کاروباری زمروں کے لیے مختص رقم اب مکمل طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمد کنندگان کے لیے مخصوص ہوگی جس سے انہیں کم شرح پر مالی معاونت اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے مواقع میسر آئیں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ مالی سال27-2026 کے بجٹ میں ٹیکسوں میں کمی اور مختلف مراعات کے ذریعے کاروباری طبقے پر مالی بوجھ کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
اِسی طرح سستی فنانسنگ اور بہتر سرمایہ کاری کی سہولت سے پاکستانی برآمد کنندگان کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
پاک ایگزیم بینک نے متعلقہ بینکوں کو فیصلے پر مؤثر عمل درآمد اور مختص فنڈز کے بہتر استعمال کے لیے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزارت خزانہ نے مزید واضح کیا کہ حکومتی اقدام کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولت فراہم کرکے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔