ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی طور پر قبضہ حاصل کر لیا: محسن نقوی

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی طور پر قبضہ حاصل کر لیا: محسن نقوی

 وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کو فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس سے اسلام آباد میں بڑے ہوٹل کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے جے آئی ٹی رپورٹ کے منتظر تھے، آج کابینہ نے رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، جس میں تمام تفصیلات درج ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر بے دردی سے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے، بعض علاقوں میں لوگوں نے گھروں کے لان تک پر قبضے کر رکھے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قانونی طور پر قبضہ حاصل کر لیا گیا ہے، سی ڈی اے کا ممبر آج سے اس عمارت کے معاملات دیکھے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمارت کی مالیت کا تعین ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے کرایا جائے گا، جن افراد نے اس منصوبے میں رقم جمع کرائی ہے، انہیں ان کی ادا کردہ رقم واپس ملے گی، انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، ای 12، سی 14 اور سی 15 کی زمین بھی جلد واگزار کرائی جائے گی، سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تجاوزات اور قبضوں کے خلاف آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے دباؤ آتا ہے، تاہم قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی، ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے معاملے پر وزیراعظم کا مکمل تعاون حاصل رہا ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ اس حوالے سے سی ڈی اے سے سوال کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔