پاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ فعال بنانے پر اتفاق

پاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ فعال بنانے پر اتفاق

ملاقات میں ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے اور دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر عمانی وزیر تجارت کو مبارکباد دی اور عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔

دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کے لیے مؤثر روڈ میپ ہے۔

اس موقع پر عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔