قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں دن ڈھائی بجے نئی دہلی کے لئے روانہ ہو گی جہاں سے کھلاڑی سیریز کے افتتاحی میچ کے لئے بنگلور پہنچیں گے۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ پچیس دسمبر کو جبکہ دوسرا میچ اٹھائیس دسمبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ جمعہ کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے دورہ بھارت سے قبل قومی ٹیم کو ظہرانہ دیا۔ چیرمین سے ملاقات میں قومی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین نے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی پریکٹس میچوں میں اچھی پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ انہیں اپنی اسی فارم کو دورہ بھارت میں بھی جاری رکھنا ہو گا۔ ذکا اشرف نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ بھارت میں پاکستان کےسفیر ہونگے۔ اس لئے کسی بھی کھلاڑی سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی توقع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ عوام کو آپ سے بہت سی توقعات ہیں، اس لئے قوم کو مایوس نہیں کیجئے گا۔