اسلام آباد:(دنیا نیوز) موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبہ صحت پر بھی تباہ کن اثرات سامنے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کو ملیریا کے کیسز میں اضافہ کا بڑا سبب قرار دیا گیا،ملک میں ملیریا کے سالانہ کیسز 20 لاکھ سے تجاوز کرگئے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2022 کا تباہ کن سیلاب ملیریا میں اضافے کا سبب بنا، سال 2022 سے 2024 کے دوران 66 لاکھ ملیریا کیسز سامنے آئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2023 میں کیسز کی تعداد 27 لاکھ تک پہنچ گئی، سال 2024 میں کیسز کی تعداد 20 لاکھ ریکارڈ کی گئی، سال 2021 میں ملیریا کیسز کی تعداد صرف 3 لاکھ 99 ہزار تھی، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مشرقی بحیرہ روم خطے میں ملیریا کیسز میں 137 فیصد اضافہ ہوا۔
ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رپورٹ سال 2023 میں ملیریا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 2 لاکھ رہی، پاکستان میں 2024 میں ایک کروڑ 14 لاکھ سے زائد مشتبہ مریضوں کی سکریننگ کی گئی، ملیریا کے 20 لاکھ تصدیق شدہ مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا۔