دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کے سلسلے میں دبئی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔
بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے ہانگ کانگ کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دیا۔ ہانگ کانگ نے بغیر نقصان کے 34 اوور میں 174 رنز بنائے جس سے بھارت کو انتہائی سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود میچ بچانا مشکل ہو گیا۔
ہانگ کانگ نے 171 رنز بنا کر پہلی وکٹ کی شراکت کا اپنا ریکارڈ توڑا۔ ہانک کانگ کے اوپنرز نے 2016ء میں سکاٹ لینڈ کے خلاف 170 رنز بنائے تھے۔
تاہم جیسے ہی نزاکت خان اور انشومان راتھ کی پارٹنرشپ ٹوٹی، ہانگ کانگ کے دیگر کھلاڑیوں نے انتہائی غیر ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے میچ بھارتی ٹیم کے ہاتھوں میں دیدیا۔
ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان نے 115 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 92 رنز بنائے، ان کی وکٹ انڈین باؤلر احمد کے حصے میں آئی جبکہ انشومان راتھ کو کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔
ہانگ کانگ کے کپتان انشومان راتھ نے 97 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز کی شاندا اننگز کھیلی۔
اس کے بعد ہانگ کانگ کے کھلاڑی انڈین گیند بازوں کا سامنا نہ کر سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹتے رہے، یوں ہانگ کانگ کے ناتجربہ کار کھلاڑیوں نے پریشر میں آ کر یہ اہم میچ گنوا دیا۔
دیگر بلے بازوں میں بابر حیات 18، کارٹر 3، کے ڈی شاہ 17، اعزاز خان صفر، مکیکنی 7 اور احسان خان 22 رنز بنا سکے، یوں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم مقررہ پچاس اورز میں 259 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بھارت کی جانب سے وائے ایس چاہل نے اور احمد نے تین، تین جبکہ کلدیپ یادیو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس انتہائی سنسنی خیز میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان آنشی رتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور شکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلے ہی اوور سے دونوں بلے بازوں کی جانب سے جارحانہ انداز اپنایا گیا تاہم بلے باز تیسرے اور چوتھے اوور میں محتاط ہو گئے۔
بھارت کی پہلی وکٹ پینتالیس رنز پر گری جب کپتان روہت شرما 23 رنز بنا کر احسان خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں شیکھر دھون اور رائیڈو کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 116 رنز کی شراکت بنی۔
اننگز کے اختتام تک بھارت نے مقررہ اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے۔ شکھر دھون 127 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ رائیڈو 60 اور کارتک 33 رنز بنا سکے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے احسان خان 2 اور کِن چٹ شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہانگ کانگ کی ٹیم بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے، گزشتہ روز پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔