دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان نے کل بنگلا دیش کے خلاف "ڈو ڈائی" میچ کے لیے تیاریاں تیز کر دیں، قومی آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ بھارت جیسے تجربہ کار حریف کے خلاف کھیلتے ہوئے دباؤ ہوتا ہے۔
کرکٹ کی ایشیائی جنگ میں کل فائنل سے پہلے فائنل ہوگا، سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان اور بنگلا دیش مدمقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے لیے اہم میچ ابوظہبی میں سہہ پہر ساڑھے 4 بجے شیڈول ہے۔ قومی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کی اور کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں خود کو رلیکس کرنے کے لیے فٹبال بھی کھیلا۔
آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان تجربے کا بڑا فرق ہے، ہار سے مایوسی ضرور ہوتی ہے۔ کھلاڑیوں کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے، نئے عزم کیساتھ بنگال ٹائیگرز کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
سپر فور مرحلے میں ایک ایک کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم پاکستان اور بنگلادیش کو کل کی فتح فائنل کا ٹکٹ دلا دے گی۔ بارہویں ایشیا کپ کا ٹائٹل مقابلہ 28 ستمبر کو بھارت کیساتھ دبئی میں ہوگا۔