دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ میں افغانستان نے اپنے آخری میچ میں بھارت کو جیتنے کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا ہے۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سپرفور مرحلے کے پانچویں میچ میں افغان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز سکور کیے۔ افغان اوپنر محمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کی اور انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی پہلی اور مجموعی طور پر پانچویں سنچری اسکور کی، وہ 116 گیندوں پر 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے بھی بہترین بلے بازی کی اور 56 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کے روندرا جادیو نے 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کلدیپ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں پانچ جب کہ افغان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بھارت نے آج کپتان روہت شرما کو آرام دیا ہے اور وہ ٹیم میں شامل نہیں، بھارت کی جانب سے مہندرا سنگھ دھونی کپتانی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، مہندرا سنگھ دھونی 200 ون ڈے میچز میں کپتانی کرنے والے بھارتی کھلاڑی بن گے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہارنے کہ بعد افغان ٹیم پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ بھارت نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔