سیمی فائنل تک رسائی ممکن ہو گی،انگلش ٹیم پہلی مرتبہ ٹرافی جیت سکتی ہے :سابق پیسر
کراچی(سپورٹس ڈیسک)سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو یقین نہیں کہ اس بار پاکستانی ٹیم عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کامیابی حاصل کر سکتی ہے البتہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ انگلش ٹیم پہلی مرتبہ ٹرافی پر قابض ہو سکتی ہے ۔قومی ٹیم عمران خان کی زیر قیادت ایک مرتبہ 1992 کا عالمی کپ جیت چکی ہے جو اب ملک کے وزیر اعظم ہیں تاہم شعیب اختر کا خیال ہے کہ گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی مل سکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ ٹیم کی طویل عرصے تک ساکھ رہی کہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ کے حوالے سے سنجیدہ نہیں اور اب بھی اس کے باؤلنگ کے شعبے میں بعض مسائل ہیں لیکن وہ ایک مستحکم سائیڈ نظر آ رہی ہے اور کوئی ان سے پوچھے تو یہی جواب ہوگا کہ اس بار انگلش ٹیم ورلڈ کپ جیتنے جا رہی ہے ۔راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم سیمی فائنل کیلئے ایک مضبوط امیدوار بن سکتی ہے جس کیلئے میگا ایونٹ کے دوران سینئر کھلاڑیوں کو اپنی موجودگی ثابت کرنا ہوگی کیونکہ وہ ممکنہ طور پر آخری مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہوں گے ۔