لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ ہرارے میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو دو تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔
ایک انٹرویو کے دوران دنیا کے تیز ترین گیند بازشعیب اختر دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان لائن اپ میں فاسٹ بولر شاہنواز دہانی اور لیگ سپنر زاہد محمود دیکھنا چاہتے ہیں۔ دھانی کی شمولیت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ شاہین آفریدی آرام کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، شاہنواز دھانی کو موقع دیا جاسکتا ہے لیکن آپ کو شاہین آفریدی سے پوچھنا ہوگا کہ کیا وہ آرام کرنا چاہتے ہیں، اگر شاہین آرام نہیں کرنا چاہتے تو کیا ہوگا؟۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی سال میں چند ٹیسٹ میچز کھیلنے کو ملتے ہیں اور اگر مجھ سے یہی سوال پوچھا جاتا تو میں کھیلتا۔ زمبابوے کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، میرے خیال میں اگلے ٹیسٹ میچ میں دہانی اور زاہد محمود کو موقع دیا جانا چاہئے۔
یاد رہے کہ زاہد محمود قائداعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن کے دوران تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولرتھے جنہوں نے 10 میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہنواز دہانی نے 7 میچوں میں 26 وکٹیں حاصل کیں۔