ابوظہبی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اپنے مدمقابل لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دیدی ہے۔ قلندرز کو یہ میچ جیتنے کیلئے 159 رنز درکار تھے لیکن اس کے تمام کھلاڑی 140 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ٹم ڈیوڈ نے 46 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
گلیڈی ایٹرز کے عثمان شنواری اور خرم شہزاد نے اپنی تباہ کن باؤلنگ سے مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ دونوں گیند بازوں نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین اور محمد نواز کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیک ویدرایلڈ کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان سرفراز احمد 34، اعظم خان 33 اور حسن خان 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فلکنرز نے 3 جبکہ محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔