لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے حضرت اللہ زازئی اور جوناتھن ویلز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے پہلے ہی اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے عثمان خواجہ رن آؤٹ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں محمد عرفان نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو چلتا کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔ برینڈن کنگ نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد عماد بٹ کو چھکا لگایا لیکن ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں آل راؤنڈر کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 18رنز بنائے۔ کولن منرو نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، 98 کے مجموعی سکور پر یونائیٹڈ کو پانچواں نقصان پہنچا جب افتخار احمد 10 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔ شاداب خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ آصف علی کی اننگز بھی 8 رنز پر تمام ہوئی۔
حسن علی نے بہترین بلے بازی سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ فاسٹ باؤلر نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد وسیم نے 17 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری 4 اوورز میں 64 رنز بنائے اور مقررہ اوورز میں 174 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔
175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حسن علی نے دو نوبال کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور پہلے اوور میں 15 رنز دے دئیے لیکن اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل کو آؤٹ کر کے غلطی کا ازالہ کردیا۔
حضرت اللہ زازئی اور جوناتھن ویلز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت قائم کر کے یونائیٹڈ کو میچ سے باہر کردیا۔ زازئی 4 چھکوں اور چھ چوکوں سے مزین 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔نئے بلے باز شعیب ملک نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 10 گیندوں پر 32 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کو 19 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے فائنل میں جگہ بنا لی ۔