جمیکا ٹیسٹ: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو 168 رنز کا ہدف

Published On 15 August,2021 08:52 pm

جمیکا: (دنیا نیوز) پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ قومی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل تیسرے دن کھیل کے آغاز پر ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 36 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کپتان بابر اعظم تھے جنہوں نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں عابد علی 34، اظہر علی 23، ،ح،د رضوان 30، فہیم اشرف 20 اور حسن علی نے 28 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں جیڈں سیلیز نے حاصل کیں۔ انہوں نے صرف 55 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیمار روچ نے 3 جبکہ کائل میئرز اور جیسن ہولڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے 217 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں فواد عالم کی بلے بازی شاندار رہی تھی، انہوں نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ فہیم اشرف 44 جبکہ کپتان بابر اعظم 30 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ اس اننگز میں کیمار روچ 2، جیڈن سیلیز اور جیسن ہولڈر نے 3، 3 جبکہ کائل میئرز نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے۔ کیربئین اننگز کی خاص بات کریگ بریتھ ویٹ کی شاندار بلے بازی تھی، انہوں نے 97 رنز کی یادگار اننگز کھیلی تھی جبکہ جیسن ہولڈر 58 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس 3، شاہین آفریدی 4، فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
 

Advertisement