کرکٹ کو سپورٹ کرنے کیلئے کشمیر پریمیئر لیگ میں آیا: ہرشل گبز

Published On 13 August,2021 04:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے کوچ اور کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ سیاست سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی بورڈ کھیل میں سیاست کو لے کر آیا، کرکٹ کو سپورٹ کرتا ہوں، اسی لیے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کھیلنے آیا ہوں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پروٹیز کھلاڑی نے کہا کہ پہلی بار کشمیر کے علاقے میں آیا ہوں، یہ بہت خوبصورت مقام ہے، اگر آپ کبھی سوئٹزرلینڈ گئے ہوں تو یہ سمجھ سکتے ہیں کہ اس مقام اور سوئٹزرلینڈ میں کتنی مماثلت ہے، یہاں خوبصورت پہاڑ اور ندیاں ہیں۔ میں کرکٹ کی وجہ سے دنیا کے جن خوبصورت ترین مقامات پر گیا، یہ ان میں سے ایک ہے اور خوش قسمت ہوں کہ مجھے یہاں آنے کا موقع ملا اور کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) سے بھرپور لطف اندوز ہو رہا ہوں۔

کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کے سلسلے میں بھارت کی جانب سے دی گئی دھمکی کے حوالے سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے جنوبی افریقا کے ڈائریکٹر آف کرکٹ گریم سمتھ کو خط لکھا کہ مجھے لیگ میں شرکت سے باز رکھا جائے اور سمتھ نے مجھے ان کا یہ پیغام پہنچایا جس پر مجھے بہت حیرت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے یا کوچنگ کے لیے دنیا بھر میں سفر کرتا رہا ہوں اور کبھی بھی بی سی سی آئی نے مداخلت نہیں کی لیکن پہلا موقع تھا کہ انہوں نے مداخلت کی جس پر مجھے بہت مایوسی ہے، میرے بھارت میں بہت سے دوست ہیں لیکن اسی طرح میرے پاکستان میں بھی بہت دوست ہیں، میرے لیے کرکٹ سب سے اہم ہے اور سیاست سے میرا کوئی لینا دینا نہیں۔

مستقبل میں بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ کے معاہدوں سے ممکنہ طور پر محرومی کے حوالے سے سوال پر ہرشل گبز نے کہا کہ ایسا یقیناً ہو سکتا ہے، مستقبل میں کیا ہو گا یہ کوئی نہیں کہہ سکتا لیکن میں اپنے فیصلے خود کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن بھارتی کرکٹ حکام کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کی جانب سے اس لیگ کو سپورٹ کرنے سے مسئلہ ہے۔
 

Advertisement