لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کیساتھ ملاقات کی،ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔
رمیز راجہ سے قومی وائٹ بال سکواڈ کی ملاقات نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
رمیز راجہ نے ورلڈ کپ ٹی20 سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں سے ملے ہیں۔ ملاقات میں ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ٹیم سلیکشن کے حوالے سے بھی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے گفتگو ہوئی۔ نامزد چئیرمین نے کھلاڑیوں کو کارکردگی کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی دیں اور اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین پی سی بی بننے کی صورت میں ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، تاہم نامزد چیئرمین نے کھلاڑیوں پر واضح کیا کہ انہیں ماضی کی نسبت بہتر نتائج چاہئیں۔