قومی ٹی 20کپ :ناردرن نے بلوچستان کو 6وکٹ سے شکست دیدی

Published On 23 September,2021 04:55 pm

راولپنڈی (دنیا نیوز)نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد پاکستانیوں کو کھیل سے محظوظ کرنے کے لیےقومی ٹی 20ٹورنامنٹ کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آغاز ہوچکا ہے جس میں میں ناردرن نے بلوچستان کو 6وکٹ سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کپ کے افتتاحی میچ میں ناردرن کی ٹیم نے بلوچستان کو6وکٹ سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔

قبل ازیں بلوچستان نے دعوت ملنے پر بیٹنگ شروع کی جنہیں چھ رنز پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا ، کپتان امام الحق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔بلوچستان کی چھبیس رنز پر دوسری اور پچاس کے مجموعے پر تیسری وکٹ گری، کپتان شاداب خان سمیت باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ نے حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دیا۔

عبدالوحید بنگلزئی24،بسم اللہ خان10،اکبر الرحمان24،ایاز تصور4 اور کاشف بھٹی 24رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عماد بٹ34رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور عمیدآصف3سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ناردرن کی جانب سے سہیل تنویر نے 1،زمان خان نے 1،محمد نواز نے 2جبکہ حارث رؤف نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

ناردرن نے مطلوبہ ہدف 140رنز 4وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ میں اپنا کھاتہ کھول لیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے حیدر علی 58اور آصف علی 43رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان شاداب خان نے 10اور ذیشان ملک نے 19سکور کی اننگز کھیلی۔

بلوچستان کی جانب سے عاکف جاوید ،یاسر شاہ،عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

افتتاحی میچ میں محمد آصف اور غفار کاظمی امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

Advertisement